اسلام آباد: معاشی مشکلات کے باوجود بجٹ میں ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں کیلئے 89 ارب روپے رکھنے کی تجویز دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق معاشی مشکلات کے باوجود پارلیمنٹیرینز کی اسکیموں کیلئے بھاری فنڈز رکھنے کی تیاری کرلی گئی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ بجٹ میں ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں کیلئے89ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ جاری سال کے اصل بجٹ کے مقابلے پارلیمنٹرینزمنصوبوں کیلئے 19 ارب اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال پارلیمنٹرینز کی اسکیموں کیلئے70 ارب روپے مختص کئے گئے اور پارلیمنٹرینز کی اسکیموں کا بجٹ 111 ارب روپے تک بڑھادیا گیا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ نئے مالی سال آبی وسائل کے منصوبوں کیلئے 99 ارب روپے مختص کرنے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں این ایچ اے کیلئے92ارب روپے رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
نئے مالی سال میں ضم شدہ اضلاع کیلئے55 ارب روپے کا بجٹ رکھنے، بجلی کے منصوبوں کیلئے51ارب روپے مختص کرنے اور ایچ ای سی کے منصوبوں کیلئے44 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بجٹ میں ریلویز کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 32 ارب روپے رکھنے کی تجویز بھی دی ، فنڈز کی یہ تجاویز 700 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کے حساب سے تیار کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترقیاتی بجٹ کا حجم 900 ارب روپے ہونے پر فنڈز میں10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔