کراچی : ڈی جی اے ایس ایف میجرجنرل علی عباس حیدر نے کہا ہے کہ فرانس میں گرفتار پی آئی اے فضائی میزبانوں کی ہیروئن اسمگلنگ معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
یہ بات انہوں نے اے ایس ایف کی فل ڈریس ریہرسل پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کی فل ڈریس ریہرسل پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈی جی اے ایس ایف میجرجنرل علی عباس حیدر تھے، اس موقع پر ڈی جی اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ائر پورٹ پر اے ایس ایف کے اعلیٰ حکام پر مشتمل ٹیم بیرون ملک فضائی میزبانوں کی گرفتاری سے متعلق تحقیقات میں مصروف ہے
میجرجنرل علی عباس حیدر نے مزید کہا کہ تحقیقات میں دیگر متعلقہ اداروں سے بھی معلومات حاصل کی جائیں گی، اس کے علاوہ اسلام آباد ائر پورٹ کے تمام متعلقہ جگہوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے مدد لی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منشیات اسمگلنگ کی روک تھام سے کوئی تعلق نہ ہونے کے باوجود اے ایس ایف نے بڑے پیمانے پر منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنائی ہیں، تاہم کارگو اور فلائٹ کچن جیسے مقامات پر اے ایس ایف عملے کا عمل دخل نہیں ہے۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ ریہرسل کی تقریب سے خطاب میں ڈی جی اے ایس ایف علی عباس حیدر نے کہا کہ سیکیورٹی فورس کی فل ڈریس پریڈ کا معیار دیکھ کربہت خوشی ہوئی۔
انہوں نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو مختلف شعبہ جات ذمہ داریاں سونپی جائیں گی، سفارش پر اچھی پوسٹنگ مل بھی جائے تو اگلی پوسٹنگ بدترین ہوگی۔
مزید پڑھیں: اے ایس ایف میں بڑے پیمانے پرترقیوں کی منظوری
ڈی جی اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ آٹے میں نمک برابر لوگوں کی وجہ سے پورے ادارے کو شرمندگی اٹھانا پڑتی ہے، امید ہے آپ لوگ ایسے کاموں سے اجتناب برتیں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔