ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے پاکستان بھارت کے پہلگام واقعے سے متعلق تمام تر بے بنیاد الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے غیر ملکی میڈیا ٹی آر ٹی سے گفتگو میں کہا کہ بھارت ہمیشہ دہشتگردی کی ذمہ داری پاکستان پر ڈال کر اس سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہے، اس بار بھی بھارت نے پاکستان پر بغیر ثبوت الزام لگائے ہیں اور اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد حکومت پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور بھارت کو آزادانہ اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی لیکن بھارت نے پاکستان کی یہ پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں 6 مختلف مقامات پر حملے کر کے عام شہریوں کو نشانہ بنایا، بھارت نے مسجد پر بمباری کی، خواتین اور بچوں کو شہید کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ بغیر کسی قابل اعتبار ثبوت کیا، پاکستان ان بے بنیاد الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، بھارت سے مطالبہ ہے کوئی ثبوت ہیں تو کسی غیر جانبدار ملک کو پیش کرے۔