راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ احسان اللہ احسان نے غیرملکی دشمنوں کا ایجنڈا بے نقاب کیا، نوجوان ہماری طاقت ہیں اور وہ دشمن کی جھوٹی باتوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق احسان اللہ احسان کا اعترافی بیان جاری ہونے کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور باجوہ نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ احسان اللہ احسان نے غیر ملکی دشمنوں کے ایجنڈے کو بے نقاب کیا ، غیرملکی دشمنوں کی پاکستان مخالف سازشیں بے نقاب ہوئیں۔
میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوان ہماری طاقت ہیں، ہمارے نوجوان دشمن کے چنگل میں نہیں آسکتے۔
RuF. Ehsan Ullah Ehsan exposes hostile foreign agenda & their designs to destabilise Pak. Our youth is our strength, shall never fall prey.
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) April 26, 2017
مزید پڑھیں : پاک فوج کی کارروائیوں سے تنظیم میں مایوسی پھیل گئی‘ احسان اللہ احسان کا ویڈیو بیان
یاد رہے اس سے قبل کالعدم تنظیم کے ہتھیار ڈالنے والے ترجمان احسان اللہ احسان کے اعترافی بیان کی ویڈیو جاری کی گئی، جس میں احسان اللہ احسان کا کہنا تھا کہ بم دھماکوں سمیت جتنے بھی جرائم کیے ذاتی مقاصد کے لیے کئے ‘اسلام ہمیں اس کا درس نہیں دیتا‘ نوجوانوں کو اسلام کے نام پر گمراہ کیا گیا۔
ویڈیو بیان میں احسان اللہ احسان نے اعتراف کیا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ہوا توہم سب افغانستان چلے گئے جہاں این ڈی ایس اور را سے تعلقات بڑھے‘ ان کی طرف سے ٹارگٹ دیے جانے لگے اور ہرٹارگٹ کی بھرپور قیمت وصول کی گئی۔
کالعدم تنظیم کے ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں نے افغانستان میں کمیٹیاں بنا رکھی ہیں جہاں سے یہ این ڈی ایس اور را سے روابط رکھتے ہیں۔ ان لوگوں افغانستان میں’تذکرے‘ (شناختی کارڈ) دیے گئے ہیں جن کی مدد سے یہ باآسانی افغانستان میں نقل و حمل کرتے ہیں، جب را کی ایما پر پاکستان میں حملے کیے تومیں نے عمرخالد خراسانی سے کہا کہ یہ تو ہم کفار کی مدد کررہے ہیں ، اس نے کہا کہ پاکستان میں تخریب کاری کے لیے اگراسرائیل سے بھی مدد لینا پڑی تو لوں گا۔ میں اس وقت سمجھ گیا کہ یہ اسلام کے نام پر ذاتی مفادات کی جنگ ہے۔