راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ہمیں قوم کی محبتوں کا بخوبی اندازہ ہے، ان کی محبت سر آنکھوں پر، کھیل سیاست سے پاک ہونے چاہئیں۔
یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانیون کی جانب سے پی ایس ایل کے فائنل میچ میں کھلاڑیوں کو فوجی کیپ اور شرٹس پہننے کی خواہش کے اظہار کے جواب میں اپنے تازہ پیغام میں کہی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹوئٹ میں پاکستان زندہ باد کے ہیش ٹیگ سے جاری پیغام میں کہا کہ پیارے پاکستانی پی ایس ایل فائنل میں فوجی کیپس، شرٹس پہننے کی خواہش رکھتے ہیں، پاک مسلح افواج کو قوم کی محبت اور حمایت کا بخوبی اندازہ ہے۔
Dear Pakistanis u are desirous to put on military style caps/shirts during PSL Final. Pak Armed Forces humbly acknowledge your love & support. Sports are beyond politics & we believe that our bondage is beyond such gestures alone. Enjoy the game in CityOfLights.#PakistanZindabad
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) March 14, 2019
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی مسلح افواج سے محبت سر آنکھوں پر، مسلح افواج سے قوم کی محبت ایسے اقدامات کی محتاج نہیں، ہمیں یقین ہے آپ اور ہمارا تعلق ان چیزوں سے بالاتر ہے، کھیل سیاست سے پاک ہونے چاہئیں۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ روشنیوں کے شہر کو کھیل سے بھرپور لطف اندوز ہونا چاہئیے، پیارے پاکستانیو کرکٹ سے بھرپور لطف اندوز ہوں، کھیل کو کھیل کے طور پر انجوائے کریں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستانی عوام کی بڑی تعداد نے ملٹری کیپ پہن کر میچ دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، سوشل میڈیا پر یہ مہم بھارتی کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فوجی ٹوپیاں پہن کر شریک ہونے کے جواب میں شروع کی گئی تھی.
اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کے میچ میں بورڈ سے اجازت لے کرفوجی کیپس پہنی تھیں۔
فوجی کیپس پہننے کے باوجود بھارتی کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا کےہاتھوں خوب دھنائی ہوئی، جس میں اہم کردار پاکستانی نژاد کھلاڑی عثمان خواجہ نے سنچری اسکور کرکے ادا کیا۔