شمالی وزیرستان : ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ آج بہت خوشی کا دن ہے ، امن کپ سے ثابت کرینگے پاکستان پُر امن ملک ہے، سب کیلئے پیغام ہے یہ ہے اصلی پاکستان ، یہ ہیں اصلی پاکستانی جو امن کیساتھ رہنا چاہتےہیں۔
تفصیلات کے مطابق قبائلی علاقوں کی تاریخ میں کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ یونس خان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفوربھی اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ آج بہت خوشی کا دن ہے، فاٹا کے عوام آج پہلی بار براہ راست میچ دیکھ رہےہیں، قبائلی عوام کے تعاون سے کردار ادا کرتےرہیں گے، پاکستانی عوام نے بہت محنت کے بعد یہ دن دیکھے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی خواہش تھی میچ شمالی وزیرستان میں ہو، سب کیلئے پیغام ہے یہ ہے اصلی پاکستان ، یہ ہیں اصلی پاکستانی جو امن کیساتھ رہنا چاہتے ہیں۔
میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ دہشت گرد باہر سے ہمارے ملک میں داخل ہوئےتھے، دہشتگردی کو اپنے ملک سے باہر نکال پھینکا ہے، دہشتگردی کو کسی صورت واپس نہیں آنے دینگے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کرکٹ کوہرپاکستانی پسندکرتاہے ، پسندیدہ کھلاڑی شاہدآفریدی ہیں۔
مزید پڑھیں : شمالی وزیرستان: پاکستان الیون اوریوکےالیون میں خیرسگالی کرکٹ میچ
انھوں نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں امن قائم ہوگیا ہے، لگتا نہیں تھا ٹیمیں شمالی وزیرستان میں کھیلیں گی، فاٹاریفارمز کے بعد یہ علاقہ ملک کے دیگرعلاقوں کے برابر ہوگا، آپریشن کےوقت یہاں کے عوام کو نقل مکانی کرنا پڑی، فاٹا کےعوام کو واپس آنے کے بعد تمام سہولتیں دی گئیں، شمالی وزیرستان میں اسکولز،کالج،سڑکیں ،مارکیٹس بن گئیں،فاٹاریفارمزمکمل ہونے پر یہ علاقہ بہت ترقی کرے گا۔
خیال رہے کہ شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے زیراہتمام خیرسگالی ٹی ٹوئنٹی میچ جاری ہے، جس میں پاکستان الیون اور یو کےالیون مدل مقابل ہیں۔
میران شاہ میں کھیلے جارہے اس نمائشی میچ کو دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں مقامی اسکولوں کے طالب علموں سمیت قبائلی عمائدین بھی موجود ہیں