راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے داعش کا ہدف ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کرنا ہے، نوجوانوں کودہشتگردی سے بچانا اجتماعی ذمےداری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کی جانب سے دہشتگردی رد کرنے میں نوجوانوں کے کردار کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیمینار میں شرکاءکو خوش آمدید کہتا ہو ، داعش کا ہدف ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کرنا ہے۔ نوجوانوں کو دہشتگردی سے بچانا اجتماعی ذمےداری ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر ذمے داری میں خطرے کی نشاندہی ، جوابی اقدام شامل ہیں، ذمے داریوں کی ادائیگی نوجوان نسل کا ہم پرقرض ہے۔
مزید پڑھیں : نوجوان دہشتگردوں کے نظریے سے کیسے بچیں؟ پاک فوج کے زیر اہتمام سیمینار
انہوں نے کہا آپریشن ردالفساد میں جان قربان کرنیوالوں میں نوے فیصد نوجوان سپاہی اور افسران ہیں، جوانوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتےہیں اور ہم پر فرض ہے ان قربانیوں کو ضائع نہ کریں جبکہ ہمیں کامیابیوں کے تسلسل کوجاری رکھنا ہوگا۔
میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ سیمینار کا مقصد انتہاپسندی کی وجوہات کا جائزہ لینا ہے۔
سیمینار کے اختتام پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی خطاب کریں گے۔
یاد رہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ہونے والے سیمینار کا مقصد نوجوانوں میں رواداری اور ہم آہنگی اجاگر کرنا ہے، سیمینار میں ملک بھر کی جامعات کے وائس چانسلرز، ماہرین تعلیم، طلبا سمیت مدارس کے مہتمم اور طلبا شریک ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل یہ سیمینار آٹھ مئی کو ہونا تھا، جسے ملتوی کردیا گیا تھا۔