راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف آج اہم پریس کانفرنس کریں گے، جس میں موجودہ سکیورٹی صورتحال پر میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف آج سہ پہر 3 بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
پریس کانفرنس میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت موجودہ سکیورٹی صورتحال پر میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔
یاد رہے رواں ماہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرِ صدارت 265ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں انسداد دہشتگردی کیلیے آپریشن عزم استحکام کو اہم قدم قرار دیا گیا تھا۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک میں پائیدار استحکام، معاشی خوشحالی، دہشتگردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے گٹھ جوڑ کے انسداد کیلیے آپریشن عزم استحکام کو وقت کا تقاضا قرار دیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شرکا سے خطاب میں کہا تھا کہ پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلیے ہمیشہ تیار رہی، چیلنجز کے باوجود فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں کردار ادا کرتی رہے گی۔