راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بالا کوٹ حملے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے سے متعلق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سچ بول دیا۔
بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں کہا کہ ’دیر آید درست آید، آخرکار سشماسوراج نےسچ بول ہی دیا، زمینی حقائق نےبھارت کو سچ بولنے پر مجبورکردیا’۔
آصف غفور کا کہنا تھا کہ امید ہے بھارت جلد 2016 کی سرجیکل اسٹرائیک اور دو طیارے تباہ ہونے کے ساتھ پاکستان کا ایف سولہ طیارہ گرانے کے معاملے پر بھی سچ بولے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سشما سوراج نے اپنی ہی حکومت کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ بالاکوٹ حملے میں کوئی پاکستانی فوجی یا شہری جاں بحق نہیں ہوا۔
Finally the truth under ground reality compulsions. Hopefully, so will be about other false Indian claims ie surgical strike 2016, denial of shooting down of 2 IAF jets by PAF and claim about F16. Better late than never.#TruthPrevails#PakistanZindabad https://t.co/Kim8CZTdlJ
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) April 18, 2019
واضح رہے کہ 25 اور 26 فروری کی درمیانی شب بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی اور اُس کے جہاز بالاکوٹ میں واقع جابا کے مقام پر اپنا ایمونیشن گراکر فرار ہوگئے تھے۔ بعد ازاں بھارت نے بالاکوٹ حملے کو کامیاب کارروائی قرار دیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ انڈین فضائیہ کی کارروائی میں 300 سے ساڑھے تین سو افراد مارے گئے جبکہ حقیقت میں فیول ٹینک کے دھماکوں سے صرف درخت تباہ ہوئے تھے۔
بھارتی دعوے کے بعد امریکی اور برطانوی نشریاتی اداروں کی تحقیقاتی ٹیموں نے سیٹلائٹ اور تصاویر کی مدد سے رپورٹ تیار کی تھی جس میں انہوں نے بھارتی فضائیہ کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیا تھا۔ یہ بھی یاد رہے کہ 27 فروری کو بھارتی طیاروں نے ایک بار پھر پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی تھی مگر اس بار پاک فضائیہ کے شیر دلوں نے بھرپور جواب دیتے ہوئے دو بھارتی طیارے مار گرائے تھے جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ابھی نندن کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔