کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان بھرمیں90فیصدسے زیادہ جرائم موٹرسائیکل پرہوتےہیں، موٹرسائیکل کی نقل و حرکت کو مانیٹر کر کے 2 سال میں جرائم پر مکمل قابو پایا جاسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ پولیس ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ ہمیں قانون کی پاسداری کرنےوالامعاشرہ ترتیب دیناہوگا، قیام امن صرف سیکیورٹی فورسز کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہرشہری کو قوانین کا احترام کرناہوگا۔
میجر جنرل محمد سعید کا کہنا تھا کہ اداروں کی خراب کارکردگی پرتنقید ہی نہیں بلکہ اچھی اور بہتر کارکردگی کو سراہتے ہوئے اُن کی تعریب بھی کرنا ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی کی صورتحال ماضی سے یکسر مختلف ہے: ڈی جی رینجرز
شہر قائد کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ کوئی ایساجرم نہیں جوکراچی میں نہیں تھا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی محنت سے جرائم پرقابوپایاگیا، اداروں نے مل کر دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، سمیت تمام جرائم کا قلیل عرصےمیں خاتمہ کیا۔
ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ مہذب معاشرےمیں لوگ تحمل مزاجی کے ساتھ قانون کی پاسداری کرتےہیں ہمیں بھی اپنے شہریوں کو ایسی ہی تربیت دینا ہوگی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں 90 فیصد سے زائد جرائم موٹرسائیکل پرہوتےہیں، اس موٹرسائیکل موومنٹ کو مسلسل مانیٹر کر کے 2 سال میں جرائم پر قابوپایاجاسکتاہے۔