کراچی : ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ پولیس اور رینجرز کی قربانیوں کی وجہ سے آج کراچی شہر امن کی راہ پرگامزن ہے۔ شہر میں بد امنی پھیلانے والے عناصر کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی رینجرزکی زیر صدارت رینجرز ہیڈکوارٹرمیں اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر،سیکٹرکمانڈر اور ڈی آئی جیز بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں کراچی آپریشن اور امن امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اور رینجرزاورپولیس اہلکاروں پر حملے کرنیوالوں کیخلاف حتمی کارروائی کافیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے رینجرزاورپولیس کےشہداء کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی قربانیوں کی فراموش نہیں کیا جاسکتا، پولیس اور رینجرز کی قربانیوں کی وجہ سے ہی آج کراچی شہر امن کی راہ پرگامزن ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ڈی جی رینجرز نے پولیس کے اعلیٰ افسران کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں پولیس چیف سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔