کراچی : ڈی جی رینجرزسندھ میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ لیاری امن واپس لوٹ آیا ہے، دہشت کی علامت سمجھے جانےوالوں کا آج کوئی نام تک لینے والا نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رینجرز لیاری یوتھ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ لیاری نے ملک کو بہت بڑے بڑے نام دیئے ہیں جس میں مولانا عبد الستار ایدھی کا نام سر فہرست ہے، ایدھی صاحب ہمارے دل میں رہتےہیں، کراچی شہر کے لوگ ایدھی صاحب کے احسان مند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہری جرائم کے خاتمے کیلئے اپنی ذمہ داری نبھا تے ہوئے کردار ادا کریں، کراچی اور خصوصی طور پر لیاری کے عوام اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں کہ بچےغلط راستے پر نہ نکل جائیں، اسکولوں میں بچوں کو اخلاقیات کا بھی درس دیا جائے۔
مزید پڑھیں: ڈی جی رینجرز کا بھتہ خوروں کے خلاف کارروائی کا حکم
ڈی جی رینجرزکا کہنا تھا کہ رینجرز نے عوام کے بھرپور تعاون سے کراچی سے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کا خاتمہ کیا، ٹارگٹ کلرز، جرائم کے بڑے بڑے نام لینے والا آج یہاں کوئی نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: ملکی ترقی کے لیے کراچی میں امن ضروری ہے، ڈی جی رینجرز
انہوں نے مزید کہا کہ شہری اپنے اطراف جرائم پیشہ افراد پر نظر رکھیں اور مشکوک سرگرمیوں پر رینجرز کو فوری مطلع کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔