کراچی: ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے متحدہ قومی موومنٹ، مہاجر قومی مومنٹ اور پاک سرزمین پارٹی کے وفود سے رینجرز ہیڈ کوارٹر میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
رینجرزاعلامیے کے مطابق مورخہ 14 مئی 2016 کو متحدہ قومی موومنٹ، مہاجرقومی موومنٹ اور پاک سر زمین پارٹی کے رہنماؤں کو رینجرز ہیڈکوارٹر مدعو کیا گیا تھا، تینوں جماعتوں کے وفود نے ڈی جی رینجرز سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
تینوں جماعتوں کے سربراہان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کراچی میں قائم ہونے والا امن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں اور قربانیوں کا نتیجہ ہے، جس کو برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ تینوں جماعتوں کے رہنماؤں نے شہر قائد میں رواداری اور برداشت کی فضا کو فروغ دینے اور مستقل امن و امان برقرار رکھنے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
دوسری جانب مصطفی کمال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی جی رینجرز سے ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی، ملاقات میں آفتاب احمد کے قتل اور کراچی میں لاپتہ ہونے والے افراد کے حوالے سے اپنی جماعت کا موقف سمیت دیگر باتیں ان تک پہنچائیں ۔
انہوں نے مزید کہا ہے ملاقات میں ہمیں بتایا گیا کہ بھٹکےلوگوں کی اصلاح کیلئے ایک ادارہ قائم کیاجارہاہے۔