کراچی: ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص نے کہا ہے کہ کسی کو بھی جبراً کھالیں جمع کرنے کی ہر گزاجازت نہیں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص سے ٹینر ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی جہاں حکومت کے جاری کردہ پرمٹ اور ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عمل یقینی بنانےکا عزم کیا۔
ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص نے کہا کہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے والی جگہوں، ترسیل کی خصوصی نگرانی کی جائے گی،کسی کو بھی جبراً کھالیں جمع کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈی جی رینجرز کا کہنا ہے کہ فرقہ واریت میں ملوث فرد یا جماعت کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، فورتھ شیڈول میں شامل شخص کو بھی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈی جی رینجرز نے کہا کہ ایسے عناصر سے قربانی کی کھالیں نہیں خریدی جا سکیں گی، وفد نے ڈی جی رینجرز کو مروجہ قوانین، ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کی یقین دہانی کرائی۔
ساتھ ہی وفد نے عید کے موقع پر سیکیورٹی کے حوالے سے رینجرز کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔