کراچی : کورونا صورتحال کے پیش نظر والدین کے لئے ہدایت نامہ جاری کردیا گیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ بچوں کو بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکالیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر میں 16 سال سے کم عمر بچے بھی کورونا سے متاثر ہونا شروع ہو گئے، اس صورتحال کے پیش نظر ڈی جی اسکولز سندھ نے والدین کے لئے ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل اسکول کی جانب سے تمام اسکولوں کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ اومیکرون بچوں پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے، بچوں کو لازمی ویکسینیشن کرائے۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ والدین بچوں کو بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکالیں جبکہ شاپنگ مال اور شادی جیسی بڑی تقریبات میں شرکت نہ کریں۔
ڈی جی اسکولز سندھ کا کہنا تھا کہ اسکول اور کلاس میں ماسک لازمی پہن کر رکھیں اور اسکول سے گھر واپسی پر باہر سے کچھ نہ خریدیں ، بچے ہمارا مستقبل ہیں،ان کا خاص خیال رکھیں۔
ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر منصوب حسین صدیقی نے کہا کہ کوویڈ ویرینٹ وائرس40فیصد سے زائد پھیل چکا ہے ، یہ وائرس پاکستان میں بلعلوم اور کراچی میں بالخصوص تیزی سے پھیل رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی فیصلے کے تحت تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے اور تعلیمی سلسلہ برقرار رہے گا تاہم وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے ایس او پی پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔