راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے طالبعلم احمدنواز کو برطانیہ میں امتحان میں اعلٰی کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے احمدنواز کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ احمد نواز کی کامیابی ہم سب کے لیے باعث فخر ہے، انہوں نے اپنی ہمت سے شیطانی قوتوں کو شکست دی، قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور میں زخمی ہونے والے طالب علم احمد نواز نے برطانوی امتحانات میں اعلیٰ کارکردگی دکھاتے ہوئے پوزیشن حاصل کی ہے۔
سانحہ اے پی ایس کے زخمی طالب علم کی برطانوی امتحانات میں اعلیٰ کارکردگی
خیال رہے کہ اے پی ایس کے زخمی طالبعلم طالب علم احمد نواز نے جی سی ایس ای امتحان میں 6 مضامین میں اے سٹار حاصل کیے اور 2 مضامین میں اے گریڈ حاصل کیا۔
یاد رہے کہ چار سال قبل 16 دسمبر 2014 کو پشاور آرمی پبلک اسکول میں خون کی ہولی کھیلی گئی تھی، دہشت گردوں نےعلم کے پروانوں کے بے گناہ لہو سے وحشت و بربریت کی نئی تاریخ رقم کی تھی۔
آرمی پبلک اسکول میں ہونے والے دردناک سانحے اور دہشت گردی کے سفاک حملے میں 147 افراد شہید ہوگئے تھے۔
سانحہ اے پی ایس پشاور میں زخمی ہونے والے طالب علم احمد نواز کو حکومت نے سرکاری خرچ پر 2015 میں علاج کے لیے برطانیہ بھیجا تھا جہاں اُن کا علاج کوئین الزبتھ اسپتال میں ہوا۔