کراچی : شہر قائد میں ڈھابوں اور کوئٹہ ہوٹلوں پر ساری رات لوگوں کا رش لگا رہتا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ وہاں کی مسالحہ چائے اور ذائقے دار پراٹھہ ہوتی ہے۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان سحور میں شیف فاطمہ نے ڈھابہ طرز کی مسالحہ چائے اور دہی پراٹھہ بنانے کی ترکیب بیان کی۔
دہی پراٹھہ بنانے کی ترکیب
اس موقع پر انہوں نے پہلے دہی پراٹھہ بنانے کی ترکیب بتائی، انہوں نے بتایا کہ ایک کلو میدے میں ایک پیالی دہی حسب ذائقہ نمک، تھوڑی سی کلونجی اور زیرہ کے ساتھ ایک چمچ گھی شامل کرکے اسے گوندھ لیں۔
اس کے بعد اسے کچھ دیر کیلئے رکھ دیں اور پھر اس کے پیڑے بنا کر مزیدار پراٹھے بنائیں، ان پراٹھوں کی خاص بات یہ ہے کہ یہ بہت دیر تک تازہ اور کرسپی رہتے ہیں اور ذائقے میں بھی فرق نہیں آتا۔
مسالحہ چائے کی ترکیب
شیف فاطمہ نے بتایا کہ ایک کپ دودھ میں ایک کپ پانی شامل کریں اس کے بعد حسب ذائقہ چینی اور دو سے تین چھوٹی ہری الائچی توڑ کر ایک انچ ادرک باریک ٹکڑوں کے ساتھ دو عدد دار چینی کے ٹکڑے۔
ان تمام اشیاء کو ایک برتن میں ڈال کر ہلکی آنچ میں پکائیں، جب اس میں ابال آنا شروع ہوجائے تو اسی ہلکی آنچ میں چائے کی پتی ڈال کر 8 سے 10 منٹ تک دم پر رکھ دیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ مسالحہ چائے اتنی بہترین ہے کہ اس کی خوشبو آپ کا موڈ خوشگوار کردے گی اور سستی کوسوں دور چلی جائے گی۔