ڈھاکہ: بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم کو 108 رنز سے شکست کے بعد سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 273 رنز کا ہدف دیا مگر انگلش ٹیم صرف 164 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے ہدف کے بعد انگلینڈ کے اوپنر الیسٹر کک اور ڈکٹ نے نصف سنچریاں بناتے ہوئے ٹیم کو 100 رنز کی مضبوط پارٹنر شپ فراہم کی تاہم بعد میں آنے والے 9 کھلاڑی مجموعی اسکور میں صرف 64 رنز کا اضافہ کرسکے۔
الیسٹر کک 59 اور ڈکٹ 56 رنز بناکر آوٹ ہوئے تاہم بعد میں آنے والے بقیہ بیٹسمین میں سے سٹوکس کے علاوہ کوئی ڈبل ہل ہندسے میں داخل نہیں ہوسکا۔ بنگلہ دیش کی فتح میں اہم کردار نوجوان اسپنر مہدی حسن نے ادا کیا جنہوں نے 77 رنز دے کر 6 انگلش بیٹسمینوں کو پویلین واپس بھیجا۔
علاوہ ازیں شکیب الحسن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس میں ایک ہی اوور میں 3 وکٹیں بھی شامل ہیں۔
قبل ازیں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم کھانے 296 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے امراالقیس نے سب سے زیادہ 78 رنز بنائے جبکہ محمود اللہ نے 47 اور شکیب الحسن نے 41 رنز اسکور کیے۔ پہلی اننگرز میں سنچری اسکور کرنے والے بنگلہ دیش کے بلے باز تمیم اقبال نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے دوسری اننگز میں 40 رنز بنائے۔
میچ کے پہلے روز میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پوری ٹیم صرف 220 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی تاہم انگلینڈ کی ٹیم نے بیٹنگ کرتے ہوئے 24 رنز کی معمولی برتری حاصل کی تھی۔