ڈھرکی اور ریتی کے درمیان 7جون 2021کو17UP ملت ایکسپریس اور 36DN سرسید ایکسپریس کے حادثے کے ورثا اور زخمیوں میں چیک کی تقسیم شروع کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈھرکی اور ریتی کے درمیان 17UPملت ایکسپریس اور 36DN سرسید ایکسپریس کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمی ہونے والے مسافروں کے چیک تیار ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
پوسٹل لائف انشورنس نے ابتدائی طور پر چھ چیک تیار کرکے چیف کمرشل منیجر پاکستان ریلوے کے حوالے کردئیے۔ ان میں جاں بحق مسافروں طاہرہ خاتون، زوبیہ قریشی، شہزاداحمد، ظفر اقبال، حضوراں تنویر، جبکہ ایک زخمی عذرا بی بی شامل ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو بالاترتیب 15 لاکھ فی کس اور زخمی ہونے والی مسافر عذرا بی بی کو 50 ہزار روپے کے چیک دیئے جائیں گے۔اس سلسلے میں ڈویژنوں میں آج ہیڈکواٹرز سٹاف کے ذریعے چیک روانہ کردیئے ہیں جو قانونی طور پر ورثا کے حوالے کریں گے۔ 21مزید کیسسز چیف میڈیکل آفیسر نے تصدیق کرکے پوسٹل لائف انشورنس کو چیک کی تیاری کے لیے بجھوا دیئے ہیں۔
واضح رہے کہ جیسے جیسے ریلوے کے پاس تفصیلات اکٹھی ہو رہی ہیں وہ پوسٹل لائف انشورنس کو بجھوائی جارہی ہیں تاکہ باقی چیک بھی تیار ہوسکیں۔