بھارت کے لیجنڈ کپتان مہندر سنگھ دھونی آئی پی ایل سمیت تمام طرز کی کرکٹ سے کب ریٹائر ہورہے ہیں، انھوں نے اس سلسلے میں اظہار خیال کیا ہے۔
چنئی سپرکنگز کے سابق کپتان اور موجودہ وکٹ کیپر بیٹر مہندر سنگھ دھونی نے اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے سامنے آنے والی افوایوں پر اظہار خیال کیا ہے، دہلی کیپٹلز کے خلاف میچ کے بعد سے سوشل میڈیا پر دھونی کی تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کو لے کر افوائیں گرم تھیں۔
حال ہی میں دھونی نے بھارت کے معروف یوٹیوبر کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، اس دوران یوٹیوبر نے ان کی فرنچائز کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بھی سوال کیا، اس کے جواب میں مہندر سنگھ دھونے کہا کہ "نہیں، ابھی نہیں، میں اب بھی آئی پی ایل کھیل رہا ہوں۔
دھونی نے مزید کہا کہ میں نے اسے بہت آسان رکھا ہے، میں ایک وقت میں ایک سال کےلیے سوچتا ہوں، میں 43 سال کا ہوں، جب تک آئی پی ایل 2025 ختم ہوگا میں 44 سال کا ہو جاؤں گا، اس کے بعد میرے پاس یہ فیصلہ کرنے کے لیے 10 ماہ ہیں کہ میں کھیلوں یا نہیں۔
5 اپریل کو دہلی کے خلاف میچ میں دھونی کافی جدوجہد کا شکار نظر آئے تھے، اس میچ میں ان کی بیوی ساکشی اور والدین بھی موجود تھے جس کی وجہ سے افواہوں نے زور پکڑا تھا کہ یہ آئی پی ایل میں ان کا آخری میچ ہوسکتا ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دھونی نے یہ انٹرویو چنائی سپر کنگز اور دہلی کیپٹل کے درمیان ہونے والے میچ سے قبل دیا تھا جبکہ اس پوڈ کاسٹ کو میچ کے فوری بعد ریلیز کیا گیا۔