نئی دہلی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز مہندرا سنگھ دھونی نے ریٹائرمنٹ کے بعد فائیو اسٹارہوٹل چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے فائیو اسٹا ہوٹل کی تعمیر کے لیے ابتدائی سرمایہ کاری بھی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کی ہیرو وکٹ کیپر بلے باز دھونی نے مستقبل کی مصروفیات ڈھونڈ لی ہیں اور اپنے آبائی شہر رانچی میں فائیو اسٹار ہوٹل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے مقامی حکومت سے اجازت بھی حاصل کر لی ہے۔
بھارتی میڈیا نے دھونی کے قریبی ذرائع کے حوالےسے بتایا ہے کہ اسٹار کرکٹر نے اس فائیوسٹار ہوٹل کی تعمیر کے لیے ابتدائی طورپر 300 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے آغاز کیا ہے جب کہ وہ اس سے قبل دبئی میں اپنی اسپورٹس اکیڈمی کھولنے کا بھی اعلان کر چکے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مہندر سنگھ کی سرمایہ کاری سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے اور ویسے بھی اب وہ پرفارمنس نہیں دے پارہے ہیں جس کا ان کی ٹیم اور مداحوں کو انتظار ہے۔
یاد رہے کہ مہندر سنگھ کی کپتانی میں بھارت نے ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی، اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا اور ان کے دور کپتانی میں بھارتی ٹیم مضبوط ٹیم کے طور پر سامنے آئی۔