پیر, اپریل 7, 2025
اشتہار

پاکستان میں پائی جانے والی دھوتر مچھلی (جیولین گرنٹر) کی پہچان، اقسام اور معلومات

اشتہار

حیرت انگیز

دھوتر مچھلی اپنی لذیذ اور منفرد ذائقے اور صحت بخش غذائیت کے باعث بہت مشہور مچھلی ہے اور اسی وجہ سے اس کی بین الاقوامی طور پر بھی اچھی ڈیمانڈ ہے۔ چوں کہ، ماہی گیری پاکستان کی ایک اہم صنعت ہے اور مچھلی کی برآمدات اس کی صنعت کا اہم حصہ ہیں، دھوتر مچھلی بھی اس برآمدات میں اپنا حصہ ڈالتی ہے۔ اسے زیادہ تر خلیجی ممالک اور اس کے بعد چین، تھائی لینڈ، امریکا اور کچھ یورپی منڈیوں کو ایکسپورٹ کیا جاتا ہے۔

قیمت


لذیذ، میٹھے، منفرد ذائقے اور ایکسپورٹ ڈیمانڈ کی وجہ سے اس کی قیمتیں زیادہ ہی رہتی ہیں۔ کراچی فشری میں ایکسپورٹ کوالٹی دھوتر کی قیمت 100 سے 1500 روپے فی کلو رہتی ہے، جو 1800 تک بھی جا سکتی ہے۔

یہ سمندر میں ریتیلی اور کیچڑ والی تہوں پر رہنا پسند کرتی ہے اور اس کا تعلق Haemulidae فیملی سے ہے۔ یہ ہر طرح سے پکانے پر ذائقہ دیتی ہے، لیکن سب سے زیادہ اس کا سالن اور پھر گرل زیادہ مشہور ہے۔

پکڑے جانے پر یہ خنزیر کی آواز کے مشابہہ آوازیں نکالتی ہے، جسے ’’گرنٹنگ‘‘ کہتے ہیں، اسی نسبت سے اسے گرنٹر نام ملا ہے۔ پاکستان میں اس کی کئی اقسام پائی جاتی ہیں، لیکن ذیل میں صرف ان اقسام کا تذکرہ کیا جا رہا ہے جو کراچی فشری میں سال بھر نظر آتی ہیں اور عوام میں مقبول ہیں۔

جیولین گرنٹر


اسے انگلش میں javelin grunter کہتے ہیں جب کہ اس کا سائنٹفک نام Pomadesys kaakan ہے۔

دھوتر کی نسل میں سب سے زیادہ مشہور اور ذائقے دار یہ والی نسل ہے اور یہی اصلی دھوتر مانی جاتی ہے۔ یہ دو رنگوں، سفید/سلوری اور پیلی/گولڈن میں آتی ہے۔ کراچی فشری میں سفید/سلوری کو وائٹ دھوتر اور دوسری والی کو گولڈن دھوتر کہتے ہیں۔ وائٹ دھوتر ہی اصلی اور ذائقے دار مانی جاتی ہے اور اسی کی ہی زیادہ ایکسپورٹ ڈیمانڈ ہے۔

کراچی فشری میں اس کی قیمت ایک ہزار سے پندرہ سو روپے فی کلو کے آس پاس رہتی ہے۔ یہ وزن میں عام طور پر ایک سے 3 کلو تک کے سائز میں نظر آتی ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ یہ 5 سے 6 کلو تک بڑھ سکتی ہے۔ عمر میں یہ 7 سے 10 سال تک جی سکتی ہے۔

اس کا مسکن ہند-مغربی بحر الکاہل: بحیرہ احمر، خلیج فارس، افریقہ کے مشرقی ساحل سے جنوب مشرقی ایشیا، شمال سے تائیوان، جنوب سے کوئنز لینڈ آسٹریلیا تک ہے۔

اولڑی دھوتر


اسے انگلش میں Silver Grunt کہتے ہیں، جب کہ اس کا سائنٹفک نام Pomadasys argenteus ہے۔

وائٹ اور گولڈن دھوتر کے بعد تیسرے نمبر پر یہ والی نسل کراچی فشری میں زیادہ نظر آتی ہے، اسے فشری میں اولڑی دھوتر یا دوغلا دھوتر کہا جاتا ہے۔ یہ وائٹ اور گولڈن دھوتر سے کم ذائقے دار ہوتی ہے۔

اس کا رنگ ہلکا سفید سلوری ہوتا ہے، لیکن پاکستان میں یہ ہلکی سبز یا ہلکی زیتونی رنگ کی بھی نظر آتی ہے۔ کراچی فشری میں اس کی قمیت 500 سے 700 روپے کے آس پاس رہتی ہے۔ اس کے بدن پر دھبے ہوتے ہیں، وزن میں یہ ایک سے 2 کلو تک کے سائز میں نظر آتی ہے، جب کہ یہ 5 سے 7 سال تک جی سکتی ہے۔

اس کا مسکن ہند-مغربی بحر الکاہل، بحیرہ احمر سے فلپائن تک (لیکن خلیج فارس سے ریکارڈ کے بغیر)، عمان، کویت، شمال سے جنوبی جاپان، جنوب سے شمالی آسٹریلیا نیو کیلیڈونیا تک ہے۔

چھوٹے دھبوں والی گرنٹر


اسے انگلش میں Small Spotted Grunter کہتے ہیں، جب کہ اس کا سائنٹفک نام Pomadasys commersonnii ہے۔ یہ بھی اصلی دھوتر، جیولین دھوتر کی طرح ذائقے دار ہوتی ہے، لیکن بہت زیادہ ماہی گیری کے باعث اب یہ پاکستان میں نایاب ہو گئی ہے اور بہت ہی کم نظر آتی ہے۔

یہ اولڑی دھوتر سے ملتی جلتی ہے۔ اولڑی دھوتر کا بدن گولائی میں جب کہ اس کا لمبائی میں ہوتا ہے۔ اولڑی کے بدن پر ہلکے گہرے اور کم دھبے جب کہ اس کے بدن پر کالے اور زیادہ دھبے ہوتے ہیں، جب کہ بدن کی طرح اس کا منہ بھی لمبا ہوتا ہے۔

یہ وزن میں 6 سے 7 کلو تک پہنچ سکتی ہے لیکن پاکستان میں زیادہ ماہی گیری کی وجہ سے ایک سے 3 کلو تک میں پائی جاتی ہے، عمر میں یہ 9 سال تک پہنچ سکتی ہے۔ اس کا مسکن جنوب مشرقی بحر اوقیانوس، مغربی بحر ہند، جنوبی افریقہ، مشرقی افریقہ، خلیج فارس، سوکوٹرا، سیشلز، مڈغاسکر سے بھارت کے شمال مغربی ساحل تک ہے۔

کاک گرنٹر


اسے انگلش میں cock grunter کہتے ہیں، جب کہ اس کا سائنٹفک نام Pomadasys multimaculatus ہے۔ اس کا مسکن بحر ہند، افریقہ کے مشرقی ساحل سے آسٹریلیا تک ہے۔

اس کی جسمانی ساخت اولڑی دھوتر کی طرح ہوتی ہے اور بدن پر دھبے اسمال سپاٹڈ گرنٹر کی طرح ہوتے ہیں، لیکن دھبے گہرے بھورے ہوتے ہیں اور اس کے منہ پر بھی ہوتے ہیں۔ یہ وزن میں ایک سے 2 کلو تک پہنچتی ہے جب کہ 6 سے 7 سال تک جی سکتی ہے۔

سیڈل گرنٹ


اسے انگلش میں Saddle Grunt fish کہتے ہیں، جب کہ اس کا سائنٹفک نام Pomadasys maculatus ہے۔ اس کا مسکن ہند-مغربی بحر الکاہل، بحر ہند، شمال سے چین، جنوب سے آسٹریلیا تک ہے۔

اس کی جسمانی ساخت جیولین دھوتر سے ملتی جلتی ہے۔ جیولین لمبائی میں جب کہ یہ تھوڑی سی گولائی میں ہوتی ہے۔ اس کی ڈورسل فن (کمر کا پنکھ) پر ایک کالا دھبا ہوتا ہے اور کمر سے نیچے پیٹھ کر طرف بریکٹ کی شکل کی کئی موٹی دھاریاں ہوتی ہیں، جو کہ بیچ بیچ میں کٹی ہوئی بھی ہو سکتی ہیں۔

یہ وزن میں 2 کلو تک ہوتی ہے اور عمر میں 8 سال تک جی سکتی ہے۔

اہم ترین

فرید الحق حقی
فرید الحق حقی
فرید الحق حقی میرین لائف کے بارے میں تحقیقی مضامین لکھتے ہیں، اپنے شوق اور رجحان کی وجہ سے وہ سمندری حیات کے بارے میں آزادانہ طور پر تحقیق کرتے رہتے ہیں

مزید خبریں