ڈی آئی خان : نامعلوم افراد کی ایک گاڑی پر فائرنگ سے 3 لیویز پولیس اہلکاروں سمیت 5 فراد جاں بحق ہوگئے، واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان میں درابن روڈ پر پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے درابن روڈ پر گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں 3 لیویز اہلکار بھی شامل ہیں، مرنے والے تمام افراد کا تعلق قلعہ سیف اللہ بلوچستان سے بتایا جارہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ سے گاڑی میں آگ لگ گئی تھی، فائرنگ کے واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز ڈی آئی خان کے نمائندے عرفان مغل کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ گاڑی بلوچستان سے اسلام آباد جارہی تھی کہ ڈی آئی خان کے راستے میں مغرب کے بعد گاڑی میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کے بعد رپورٹ دی ہے کہ یہ گاڑی لیویز اہلکاروں کی تھی جس میں 3 اہلکار اور دو عام شہری سوار تھے۔
اس گاڑی پر درابن کے قریب کلاچی موڑ پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار پانچوں افراد شہید ہوگئے۔ فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ گاڑی میں آگ لگ گئی اور اہلکاروں کی لاشیں بھی جل گئیں۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کیخلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے انہیں منطقی انجام تک پہچایا جائے گا۔