ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چیک پوسٹ پر تین اطراف سے دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں مسلح افراد کی جانب سے ٹکواڑہ چیک پوسٹ پر تین اطراف سے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا ہے، جس میں 3 اہل کار زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے مضافاتی علاقہ ٹکواڑہ میں 20 مسلح افراد نے پولیس پوسٹ کے تینوں اطراف کو گھیرے میں لے کر فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے ساتھ آر پی جی سیون راکٹ لانچر اور دستی بموں سمیت جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔
حملے کے نتیجے میں تین پولیس اہل کار شدید زخمی ہو گئے ہیں، جنھیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈیرہ منتقل کر دیا گیا۔ ڈی پی او کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ میں کئی دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے، دہشت گرد اپنے ہلاک ساتھیوں کی لاشیں اور زخمیوں کو لے کر فرار ہو گئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈھائی گھنٹے تک پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ڈیرہ محمد شعیب چوکی پر پہنچ گئے اور پولیس دستے کی خود کمانڈ کی۔
مقابلے میں زخمی ہونے والے تین پولیس جوانوں کو خود ڈی پی او ڈیرہ نے ریسکیو کیا اور اسپتال منتقل کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے یہ سب سے بڑا اور منظم حملہ کیا گیا۔
واقعے کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان، کلاچی سمیت پورے ضلع کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔