خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان کے علاقے بگوانی شمالی میں پنچایت نے حجام کی کم عمر بیٹی کو ونی کی بھینٹ چڑھا دیا۔
حجام عادل سے پنچایت نے زبردستی 7 لاکھ روپے تاوان لیا جس کے بعد 11 سالہ بیٹی کے باپ نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔
خودکشی سے قبل حجام عادل نے آخری آڈیو پیغام میں ملزمان کے نام لیے۔ عادل نے بتایا کہ ملزمان عنایت اللہ اور فرید سمیت دیگر نے میرے ساتھ ظلم کیا، ظلم کرنے والوں کو معاف نہ کیا جائے اور میرے خاندان اور بچوں کو تحفظ دیا جائے۔
حجام عادل کے بھانجے اور ملزم فرید کی بیٹی کے درمیان مراسم تھے، پولیس نے رپورٹ درج کر کے پنچایت، نکاح خواں اور دیگر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ادھر، آئی جی خیبر پختونخوا نے کم عمر لڑکی کو ونی کرنے کی خبر کا نوٹس لیا جس کے بعد ڈی آئی خان پولیس حرکت میں آگئی۔
ایس پی گوہر خان نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی بحفاظت ورثا کے حوالے کر دی گئی، واقعے میں ملوث دیگر ملزمان جلد حراست میں ہوں گے۔