اشتہار

کیا امبانی فیملی نے مہمانوں کو کھانے کے ساتھ ٹشوز کی جگہ کرنسی نوٹ پیش کیے؟

اشتہار

حیرت انگیز

سوشل میڈیا پر گردش کرتی تصویر سے صارفین حیران ہیں کہ کیا امبانی فیملی نے مہمانوں کو کھانے کے ساتھ ٹشوز کی جگہ کرنسی نوٹ پیش کیے؟

مکیش امبانی بھارت کے مشہور بزنس ٹائیکون ہیں جن کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں بھی ہوتا ہے۔ امبانی فیملی سے متعلق آئے روز ایسی خبریں اور تصاویر میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہتی ہیں جس سے اس خاندانی کی امارت اور پرتعیش زندگی کا اظہار ہوتا ہے۔

گزشتہ دنوں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی کچھ ایسی ہی تصویر شیئر کی گئی جس کے بعد ایک نئے سوال نے سر اٹھا لیا۔

- Advertisement -

یہ تصویر نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر کے افتتاح کے بعد سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ امبانی خاندان کی طرف سے منعقد کی گئی ایک پارٹی کی تصویر ہے۔

اس تصویر میں میٹھے کی ایک ڈش دکھائی گئی ہے جس کی ہر پیالی کے ساتھ ٹشو پیپر کے بجائے 500 روپے مالیت کا کرنسی نوٹ نظر آ رہا ہے۔

رتنیش نامی صارف نے تصویر شیئر کی جس میں ایک میٹھے کی ڈش کے ساتھ ہر پیالی میں ٹشو کی جگہ تین تین کرنسی نوٹ لگے تھے۔ مذکورہ صارف نے تصویر کا کیپشن لکھا کہ "امبانی جی کی پارٹی میں ٹشو پیپر کی جگہ 500 کے نوٹ ہوتے ہیں”۔

تاہم سوشل میڈیا پر جیسے ہی یہ تصویر وائرل ہوئی تو جہاں اس پر دلچسپ تبصرے شروع ہوئے وہیں کھانے پینے سے شغف رکھنے والے صارفین نے بھی اس کی جانچ کی اور تصویر کے پیچھے چھپی حقیقت ڈھونڈ نکالی اور تصویر سے دھوکا کھانے والے صارفین کو بتایا کہ تصویر میں جو نظر آ رہا ہے حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔

یہ حقیقی نوٹ نہیں بلکہ ایک ایسی لذیذ ڈش ہے جس کا نام ہی اس کے عکس کی مناسبت سے دولت کی چاٹ رکھا گیا ہے۔

تصویر کی حقیقت کا پتہ لگانے والے صارفین نے بتایا ہے کہ اگر آپ دہلی والے ہیں یا دہلی-این سی آر میں رہتے ہیں، تو آپ اس ڈش کو پہچانیں گے جسے "دولت کی چاٹ” کہا جاتا ہے۔ شمالی ہندوستان میں بہت پسند کی جانے والی ترکیب امیری کی علامت ہے اور ذائقوں سے بھرپور ہے۔ یہ ڈش پرانی دہلی میں بہت مقبول ہے اور سردیوں کے موسم میں صرف چند ماہ کے لیے دستیاب ہوتی ہے۔

 

صارفین پر حقیقت آشکار ہوئی تو پتہ چلا امبانی فیملی نے اپنے مہمانوں کو کھانے کے ساتھ ٹشو پیپر کی جگہ 500 کے کرنسی نوٹ پیش نہیں کیے بلکہ دولت کی چاٹ نامی اس میٹھی ڈش کو ایک ریستوران نے جعلی نوٹ شامل کر کے دوبارہ تیار کیا اور اسے "امیروں کی میٹھی” کا لیبل لگا دیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں