لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) وسیم خان کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی ہر قسم کے فیصلوں کا حق اپنے پاس رکھتے ہیں جبکہ وسیم خان اتھارٹی کے بغیر کام جاری رکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں بڑوں کے اختلافات کی وجہ سے گراس روٹ پر کرکٹ پر کام نہیں ہوپارہا ہے، گراس روٹ کرکٹ پر کام نہ ہونے کا نقصان مقامی کرکٹرز اور کلبز کو ہورہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیا وسیم خان کو تنقید کا نشانہ بناتا ہے جبکہ تمام فیصلے احسان مانی پس پردہ رہ کر کرتے ہیں۔
دوسری جانب وسیم خان کا اختلافات کی خبر سے متعلق اپنے بیان میں کہنا ہے کہ چیئرمین سے میرے اختلافات کی خبر پر میں خود حیران ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پی سی بی میں کام کررہے ہیں، ہر معاملے میں اتفاق تو نہیں ہوتا یہ معمول کی بات ہے، جب کام ہوتا ہے تو اختلاف بھی ہوتا ہے بعض چیزوں میں آپ اتفاق نہیں کرتے۔