لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے سے متعلق تحریک انصاف میں مختلف آرا سامنے آگئیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چند رہنما عدالتی فیصلے سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعتماد کا ووٹ لینے کے مخالف ہیں۔ قبل ازوقت اعتماد کے ووٹ کی مخالفت کرنے والوں میں چند صوبائی رہنما بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جب تک معاملہ عدالت میں چل رہا ہے اعتماد کا ووٹ نہ لیا جائے۔
مزید برآں ابھی تک کسی ایم پی اے کو 2 جنوری کی پارلیمانی پارٹی میٹنگ کی دعوت نہیں دی گئی۔ اعتماد کے ووٹ کے لیے 7 ایم پی ایز پر شک کیا جا رہا ہے جن میں 4 خواتین ارکان بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ چند مرکزی رہنما ہر صورت اعتماد کا ووٹ لینے اور اسمبلی توڑنے کے حامی ہیں۔ ایم پی ایز کی دستیابی دیکھ کر حتمی فیصلہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کریں گے۔