اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

لاپتا ہونے والے 19 بچوں کے علاوہ تمام مل چکے ہیں، ڈی آئی جی سی آئی اے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ڈی آئی جی سی آئی اے امین یوسف کا کہنا ہے کہ لاپتا ہونے والے 19 بچوں کے علاوہ تمام مل چکے ہیں، کراچی سمیت سندھ بھر سے 58 بچے لاپتا ہوئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے امین یوسف نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ بچوں کے اغوا کے سلسلے میں کسی بھی خبر پر کان نہ دھریں۔

سی آئی اے کے ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ایک بچہ کل فیصل آباد سے آیا ہے، وہ سات ماہ سے مسنگ تھا، وہ کلفٹن میں اپنے والد سے ناراض ہو کر چلا گیا تھا، تو اغوا اور گم شدگی کے واقعات میں فرق ہے۔

ڈی آئی جی سی آئی اے نے مزید کہا کہ اندرون سندھ بچوں کے اغوا کی 11 ایف آئی آر درج ہوئیں ہیں، عوام سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں پر یقین نہ کریں۔

خیال رہے کہ کراچی میں بچوں کے اغوا کی وارداتوں میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے، چار دن قبل نجی اسکولوں کو بھی ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن کی جانب سے بچوں کی سیکورٹی کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔


مزید پڑھیں:  بچوں کو اغوا کیے جانے کا معاملہ، نجی اسکولز کو ہدایات جاری


دو ہفتے قبل وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت کراچی کے امن و امان پر اہم اجلاس میں عمران خان کو کراچی سمیت سندھ کی صورتِ حال پر بریفنگ دی گئی، جس میں وزیرِ اعظم نے شہر میں اسٹریٹ کرائمز اور بچوں کے اغوا پر تشویش کا اظہار کیا۔

ڈی آئی جی سی آئی اے نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ کراچی میں گاڑیوں کی تعداد 20 سے 25 لاکھ ہو چکی ہے، اسٹریٹ کرائم کا طریقۂ واردات وہی پرانا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اب شہری لوٹ مار کی رپورٹ زیادہ کر رہے ہیں، پولیس بھی متحرک ہے، ملزمان پکڑے جا رہے ہیں، 6 ہفتے میں بڑی تعداد میں اشتہاری ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں