سندھ حکومت نے ڈی آئی جی جیل سکھر حسن سہتو کو معطل کرکے ڈی آئی جی سکھر محمد اسلم ملک کا کراچی تبادلہ کردیا۔
ڈی آئی جی جیل کراچی حسن سہتو کو معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی ملیر جیل بریک ہونے کی تحقیقات کریں گے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر نوٹیفکیشن جاری کردیے ہیں۔
علاوہ ازیں محکمہ جیل نے 22 کے قریب سپاہی، ہیڈ کانسٹیبل بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، غفلت برتنے والے اہلکار و افسران بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ پڑھیں: ملیر جیل واقعہ: آئی جی جیل خانہ جات عہدے سے برطرف، سپرنٹنڈنٹ معطل
واضح رہے کہ گزشتہ رات کراچی کی ملیر جیل میں صورتحال اس وقت خراب ہوئی جب شہر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کے جھٹکوں کے دوران جیل سے 200 سے زائد قیدی فرار ہوگئے جن میں سے متعدد کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔
ملیر جیل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پیر کی رات زلزلے کے دوران نقصان سے بچنے کے لیے قیدیوں کو بیرکوں سے باہر بٹھایا گیا تھا، زلزلے کے باعث ہنگامہ آرائی شروع ہوئی، قیدیوں نے پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی کی اور اسلحہ چھین کر فائرنگ کی جب کہ اس دوران 200 سے زائد قیدی فرار ہوئے۔
ڈی آئی جی جیل کراچی محمد حسن سہتو کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کے دوران قیدیوں کی بڑی تعداد بیرکس سے باہر نکلی، قیدیوں نے ماڑی کا گیٹ بھی توڑا اور جیل پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا۔