کراچی : آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی جاوید عالم اوڈھو کو عہدے سے بر طرف کر کے ان کی جگہ شرجیل کھرل کو تعینات کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید علی رضا عابدی کے بہیمانہ قتل، چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے اور ڈیفنس میں پراسرار دھماکے کی پے در پے وارداتوں کا آئی جی سندھ نے سختی سے نوٹس لیا ہے۔
اس حوالے سے آئی جی سندھ سید کلیم امام نے وارداتوں پر قابو نہ پانے اور فرائض میں غفلت پر ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی جاوید عالم اوڈھو کو عہدے سے ہٹا دیا، آئی جی سندھ نے یہ ذمہ داریاں شرجیل کھرل کو سونپ دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
واضح رہے کہ 25دسمبر کی شام کوکراچی کے علاقے ڈیفنس میں اپنی رہائش گا ہ کے پاس متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔