دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ڈیجیٹل بینکنگ کا نظام متعارف کرایا جاچکا ہے، ڈیجیٹل بینکنگ بینکاری خدمات میں ایک نیا اور جدید تصور ہے جسے آپ گھر بیٹھے اپنے موبائل فون سے باآسانی انجام دے سکتے ہیں۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گروپ ہیڈ ڈیجیٹل بینکنگ بینک الفلاح محمد یحییٰ خان نے ناظرین کو ڈیجیٹل بینکنگ اس کی سہولیات اور فوائد سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل بینکاری ایک نیا انتظامی ماڈل ہے جو حالیہ دنوں میں صارفین کی نئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرایا گیا ہے۔
ڈیجیٹل بینک بھی مکمل بینک ہوتا ہے، اس میں اور ایزی پیسہ اور جاز کیش میں فرق ہے جیسے کہ آپ ڈیجیٹل بینک سے قرض لے سکتے ہیں، منافع حاصل کرسکتے ہیں، پے آرڈر اور ڈیمانڈ ڈرافٹ بنا سکتے ہیں اور اندرون و بیرون ملک ہر طرح کی ادائیگی بھی کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل بینکوں میں اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے صارفین کے پاس اسمارٹ فون یا انٹرنیٹ ہونا ضروری ہے کیونکہ بائیو میٹرک تصدیق اور دیگر ضروریات اسمارٹ ڈیوائسز سے ہی پوری کی جاتی ہیں۔
محمد یحییٰ خان نے بتایا کہ بینک الفلاح نے کراچی کے علاقے زمزمہ میں پہلی ڈیجیٹل برانچ متعارف کرائی ہے جس میں صارفین کو 24 گھنٹے ایک چھت کے نیچے لاکرز سمیت بینکنگ کی تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔