کراچی: ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ڈیجیٹل کرنسی کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے 4 افراد گرفتار کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے ڈیجیٹل کرنسی کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے 4 افراد گرفتار کر لیے، ملزمان لوگوں سے اب تک 1.6 ملین ڈالر ہتھیا چکے ہیں۔
[bs-quote quote=”ملزمان ڈیڑھ ڈالر کے حساب سے ہر شہری سے رقم وصول کرتے تھے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”ایف آئی اے”][/bs-quote]
ملزمان نے چینلز ٹائم نامی اٹلی کی جعلی کمپنی بنا رکھی تھی، نیٹ ورک کراچی سے آپریٹ ہوتا تھا، 11 ہزار متاثرین کا ڈیٹا نکال لیا گیا ہے۔
سائبر کرائم کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبد الغفار نے بتایا کہ ملزمان ویب سائٹ کے ذریعے لوگوں کو دھوکا دیا کرتے تھے، ملزمان ڈیڑھ ڈالر کے حساب سے ہر شہری سے رقم وصول کرتے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق کیس میں مزید ملزمان مفرور ہیں، گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں، گرفتاریاں بلال ٹاؤن، ملیر، حیدری، ٹھٹھہ اور بفرزون سے عمل میں آئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بھتہ خور ڈیجیٹل کرنسی کی صورت میں بھتہ طلب کرنے لگے
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان سے الیکٹرانک کرنسی اکاؤنٹ، ڈیبٹ کارڈ اور انٹرنیشنل کرنسی بر آمد کی گئی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ اٹلی کمپنی کے نام پر ملزمان وسیع مارکیٹنگ کا جھانسہ دے رہے تھے، جعلی ویب سائٹ بنا کر آسان آمدن کے نام پر شہریوں کو جعلی کرنسی فروخت کی جا رہی تھی۔
دریں اثنا ایف آئی اے نے کراچی میں حوالہ ہنڈی کا کام کرنے والے 3 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے، ملزمان سے موبائل فونز، لیپ ٹاپ، 115 ملین روپے بر آمد ہوئے، ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے حسن اسکوائر کے قریب کارروائی کی۔