اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ڈپلومیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کی زیر صدارت ڈیجیٹل ڈپلومیسی گروپ کا اجلاس ہوا۔شاہ محمود قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس نے دنیا کو یکسر تبدیل کر دیا ہے، ڈیجیٹل ڈپلومیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ کو اللہ نے بہترین ہیومن ریسورس سے نوازا ہے،ہمارے پاس وسیع تجربہ کے حامل سفارت کار، سفیر موجود ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضرورت ہے بدلتے وقت کے تقاضوں میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے،افسران کو ڈیجیٹل سفارت کاری سے مستفید کیا جائے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تجاویز دینے کی ہدایت کر دی۔
کلچرل، ڈیجیٹل اور اسپورٹس ڈپلومیسی کو متعارف کرا رہے ہیں،وزیر خارجہ
اس سے قبل گزشتہ ماہ 23 جولائی کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ کلچرل، ڈیجیٹل اور اسپورٹس ڈپلومیسی کو متعارف کرا رہے ہیں۔