کراچی: شہر قائد میں شہریوں کو ڈومیسائل کے حصول کے لیے بڑی پریشانی سے گزرنا پڑتا تھا لیکن اب یہ مسئلہ ڈیجیٹل ڈومیسائل نے حل کر دیا ہے۔
کراچی میں اب ڈومیسائل بنانا بالکل آسان ہو گیا ہے، ڈیجیٹل نظام کے تحت ڈومیسائل کا دو دن میں اجرا ہونے لگا ہے، کمشنر کراچی کی طرف سے گھر گھر ڈیلیوری پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ہزاروں روپے کی رشوت اور کئی مہینوں میں بننے والا ڈومیسائل اب آن لائن نظام کے تحت صرف 660 روپے میں دو دن میں تیار ہو جاتا ہے، اس سے قبل اسی ڈومیسائل کے حصول کے لیے 4 سے 5 ہزار روپے رشوت دے کر بھی مہینوں انتظار کرنا پڑتا تھا۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کورنگی ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈیجیٹل ڈومیسائل ڈیسک کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ ڈومیسائل کو گھر گھر ڈیلیوری کا طریقہ بھی تمام اضلاع میں متعارف کرایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کورنگی جواد مظفر کے مطابق ڈومیسائل کے اجرا کے لیے درکار کاغذات کی تعداد کو 15 سے کم کر کے 7 کر دیا گیا ہے، جب کہ جعلی ڈومیسائل کی روک تھام کے لیے جاری کردہ ڈومیسائل میں کیو آر کوڈ بھی پرنٹ کیا گیا ہے تاکہ اس کی فوری تصدیق بھی ہو سکے۔
ڈیجیٹل ڈومیسائل کا اجرا طلبہ کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کی طرف ایک انقلابی قدم ہے۔