اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج ڈیجیٹل پاکستان مہم کا آغاز کریں گے، مہم کا مقصد سرکاری اداروں میں کاغذوں کا استعمال ترک کرکے پیپر لیس بنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سرکاری اداروں کو کاغذوں سے پاک کرنے کا فیصلہ کرلیا، اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان آج’’ڈیجیٹل پاکستان‘‘مہم کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔
مذکورہ مہم کے تحت حکومتی اداروں کو کاغذوں سے پاک (پیپر لیس) بنایا جائے گا، اس کے علاوہ سرکاری اداروں کے درمیان خط و کتابت کو ڈیجیٹل بنایا جائے گا۔
ڈیجیٹل پاکستان مہم کی افتتاحی تقریب آج وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی، ڈیجیٹل پاکستان منصوبہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیراہتمام ہوگا، وزیراعظم نے رواں ماہ اگست میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کوٹاسک سونپا تھا، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ڈیجیٹل پاکستان منصوبے پر3ماہ میں کام مکمل کیا۔
واضح رہے کہ تین ماہ قبل وفاقی وزیر برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بہت جلد ڈیجیٹل پاکستان کے نام سے ایک مہم شروع کی جائے گی جس سے حکومتی اداروں کو کاغذوں سے پاک(پیپر لیس) بنائیں گے۔
ہم تیزی سے پیپرلیس گورننس کی طرف آرہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ چند سالوں میں بدلتی دنیا کے ساتھ پاکستان کو ہم آہنگ کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور ایک سال میں وزارت آئی ٹی نے جاری منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ عالمی معیار پر اقدامات کا آغاز کیا ہے۔