ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکارہ دلیپ کمار کو طبیعت میں بہتری کے بعداسپتال سے چھٹی دے کر گھر منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے ممتاز اداکار یوسف خان (دلیپ کمار) کو 8 اکتوبر کی صبح طبیعت ناساز ہونے کے بعد ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
ڈاکٹرز نے انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کر کے مرض کی تشخیص کے لیے کچھ ٹیسٹ کروائے تھے جن کی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اداکار کو نمونیا کا مرض لاحق ہوگیا جس کے باعث اُن کے سینے میں انفکیشن اور بخار کی شکایت ہے۔
لیلا وتی اسپتال کے نائب صدر اور ترجمان ڈاکٹر اجے کمار کا کہنا ہے کہ ’دلیپ کمار کی طبیعت کے حوالے سے گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ اب پہلے سے بہتر ہیں مگر انہیں ابھی نگہداشت کے لیے اسپتال میں رکھا جائے گا‘۔
مزید پڑھیں: دلیپ کمار کی طبیعت سنبھل گئی، ڈاکٹر کی تصدیق
یوسف خان کے ترجمان اور قریبی رشتے دار فیصل فاروق نے سوشل میڈیا پر دلیپ کمار کی ہی آئی ڈی سے مداحوں کو خوشخبری سنائی کہ لیجنڈری اداکار کو اسپتال سے چھٹی دے کر گھر منتقل کردیا گیا، اُن کی طبیعت بہتر ہے مگر ڈاکٹرز نے انفیکشن کی وجہ سے چند روز مکمل آرام کرنے کی ہدایت کی جس پر وہ عمل کریں گے۔
Allah ka shukr hai @TheDilipKumar Saab hospital se discharge hogaye Aur abhi ghar pohoch gaye hain. Doctors have advised complete rest isolation for few days to prevent infection. Thank you all for your prayers. More updates later. -FF
— Dilip Kumar (@TheDilipKumar) October 11, 2018
انہوں نے دعاؤں میں یاد رکھنے پر تمام مداحوں، رشتے داروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
دوسری جانب دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے بھی مداحوں کا شکریہ بذریعہ ٹویٹ ادا کیا۔
Message frm Saira Banu: My Kohinoor, my sahab, the man of my dreams, my Yusuf jaan and I can’t thank enough- the millions of well-wishers, friends and family for your beautiful messages, calls and greetings on our 52 years of marriage today, Attaching a personal fav. photo -SBK pic.twitter.com/1mViBY3tN4
— Dilip Kumar (@TheDilipKumar) October 11, 2018
واضح رہے کہ 8 اکتوبر کو لیجنڈری اداکار کے قریبی رشتے دار فیصل فاروق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دلیپ کمار کی ہی آئی ڈی سے اُن کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاع دی تھی۔
یاد رہے کہ 95 سالہ اداکار کو صحت کے مسائل کا سامنا ہے، انھیں ایک برس قبل بھی طبیعت ناساز ہونے پر ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جس کے بعد وہ روبہ صحت ہو کر گھر لوٹ آئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار اپنی موت کی جھوٹی خبروں سے پریشان
6 دہائیوں تک بالی ووڈ فلم نگری پر راج کرنے والے دلیپ کمار نے بے شمار فلمیں کیں، “مغلِ اعظم” میں شہزادہ سلیم کا کردار ان کی زندگی کا یادگار کردار بن گیا جبکہ اُن کی آخری فلم ’’قلعہ‘‘ 1998 میں ریلیز کی گئی تھی۔