بھارت کے نامور پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ہے۔
پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے دل-لومیناتی انڈیا ٹور مکمل کرنے کے بعد بھارت کے وزیر اعظم نرنیدر مودی سے ملاقات کی جس کی ویڈیو بھارتی وزیر اعظم نے انسٹاگرام پر شیئر بھی کی۔
ویڈیو میں پی ایم مودی دلجیت کی عالمی سطح پر رسائی کے لیے ان کی تعریف کرتے ہیں، وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کی فیملی نے آپ کا نام دلجیت رکھا، اور اب آپ جہاں بھی جائیں دل جیت رہے ہیں۔
View this post on Instagram
اس موقعے پر دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ دل-لومیناتی ٹور کے بعد میں سمجھا کہ ہندوستانی اکثر ’میرا بھارت مہان‘ کیوں کہتے ہیں، ساتھ ہی گلوکار نے اس ملاقات کو یادگار قرار دیدیا۔
ویڈیو میں دلجیت دوسانجھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے سامنے گانا گاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے جبکہ مودی اپنی انگلی سے دھن بجاتے نظر آرہے ہیں۔
View this post on Instagram
دوسری جانب دلجیت دوسانجھ کے خلاف لدھیانہ میں کامیاب کنسرٹ کرنے کے بعد قانونی چارہ جوئی شروع ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دلجیت کا لدھیانہ میں سالِ نو کی مناسبت سے ایک کنسرٹ ہوا جس میں ان کے گیت میں استعمال ہونے والے الفاظ پر انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
شہر چنڈی گڑھ سے تعلق رکھنے والے ایک اسسٹنٹ پروفیسر پنڈت راؤ دھریناور نے دلجیت دوسانجھ کے خلاف ایف آیہ درج کروائی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ پیشگی انتباہ کے باوجود گلوکار نے کنسرٹ میں ایسا گانا گایا جس سے شراب کی تشہیر ہوئی۔