انقرہ: عالمی ذرائع ابلاغ میں ترکی کے خلائی پروگرام کے چرچے ہونے لگے ہیں کہ ترکی چاند پر جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترکی نے 2023 میں چاند پر لینڈنگ پر مبنی خلائی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے اعلان کردہ ’قومی خلائی پروگرام‘ کو ایسوسی ایٹڈ پریس اور روئٹرز سمیت امریکی و روسی ذرائع ابلاغ میں وسیع جگہ دی گئی ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی اے پی نے سرخی دی کہ ترکی نے 2023 میں چاند پر لینڈنگ پر مبنی خلائی پروگرام کا اعلان کر دیا، خبر میں کہا گیا کہ ترکی کا قومی خلائی پروگرام صدر اردوان کے وژن کا ایک حصہ دکھائی دے رہا ہے۔ واضح رہے کہ اردوان کا وژن ہے کہ ترکی جلد وسیع علاقائی و عالمی کردار ادا کرے گا۔
2018 میں ترکی نے خلائی ایجنسی قائم کی تھی، اے پی نے کہا کہ قومی خلائی پروگرام سائنس دانوں کے لیے تحقیق کے نئے امکانات پیدا کرے گا، اور ملک سے باصلاحیت افراد کی دیگر ممالک کی طرف نقل مکانی میں کمی آئے گی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے ترکی کے قومی خلائی پروگرام کا جائزہ لیتے ہوئے سرخی جمائی کہ اردوان نے کہا ہے کہ ترکی 2023 میں چاند پر پہنچنے کا ہدف رکھتا ہے، خبر میں بتایا گیا کہ ترکی نے 8 جنوری کو امریکا کی ریاست فلوریڈا میں واقع کیپ کنیویرال بیس سے ترک سیٹ 5A نامی نئے سیٹلائٹ خلا میں بھیجا تھا۔
روسی ذرائع ابلاغ نے بھی ترک صدر رجب طیب اردوان کے متعارف کردہ قومی خلائی پروگرام کا جائزہ لیا، ریا نووستی نے سرخی جمائی کہ ترکی 2023 میں چاند پر خلائی گاڑی بھیجنے کا پروگرام رکھتا ہے۔ خبر ایجنسی نے لکھا کہ اردوان نے منصوبے کی تکمیل کے لیے ترک انجینئرز پر اعتماد کا اظہار کیا۔
تاس نیوز ایجنسی نے لکھا کہ ترکی خلا میں رسائی حاصل کرنے کے لیے ایک خلائی بیس قائم کرنے کا پروگرام رکھتا ہے۔