لاہور: جنوبی پنجاب کے سیلاب زدگان میں وبائی امراض پھوٹ پڑے، ہزاروں متاثرین سانس اور جلد کی بیماریوں، ڈائریا اور بخار میں مبتلا ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے سیلاب زدگان میں وبائی امراض پھوٹ پڑے، جنوبی پنجاب کے 37 ہزار سے زائد سیلاب زدگان سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہوگئے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 33 ہزار سے زائد سیلاب زدگان خارش اور جلدی امراض کا شکار ہیں، 20 ہزار سے متاثرین تیز بخار اور 17 ہزار سے زائد متاثرین ڈائریا میں
مبتلا ہوگئے۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 21 سیلاب زدگان کو کتوں نے کاٹ لیا جبکہ ڈیرہ غازی خان میں 2 متاثرین کو سانپ ڈسنے کے واقعات بھی سامنے آئے۔
ڈھائی ہزار سیلاب زدگان آنکھوں کی مختلف بیماریوں کا شکار ہیں، 3 ہزار سے زائد جان بچانے کے دوران زخمی ہوئے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں قائم میڈیکل کیمپس میں 30 ہزار سے زائد متاثرین مختلف بیماریوں کے ساتھ آئے۔
مجموعی طور پر راجن پور میں 68 ہزار، ڈیرہ غازی خان میں 58 ہزار، لیہ میں 8 ہزار اور مظفر گڑھ میں 6 ہزار سے زائدسیلاب زدگان مختلف بیماریوں کا شکار ہیں۔