عمر کے ایک خاص حصے میں نظر کی کمزوری کا عارضہ تقریباً 90 فیصد کو ہی لاحق ہوتا ہے، جس کا علاج یا تدارک فوری نہ کیا جائے یا اس میں احتیاط نہ پرتی جائے تو وہ سنگین صورتحال بھی اختیار کرسکتا ہے۔
نظر کی کمزوری کے بہت سے اسباب ہیں جو بینائی کی خرابی سمیت مختلف بیماریوں کا باعث بن سکتے ہیں جس میں کالا موتیا بھی شامل ہے۔ اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر امراض چشم ڈاکٹر محمد حمزہ نے اس حوالے سے ناظرین کو مفید مشوروں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ نظر کی کمزوری موروثی بھی ہوتی ہے اس کے علاوہ جو بچے اپنا زیادہ وقت کمپیوٹر کے آگے گزارتے ہیں یا موبائل فون کا زیادہ استعمال کرتے ہیں تو اس کا برا اثر ان کی آنکھوں پر پڑتا ہے اور جن کی نظر پہلے سے کمزور ہو تو ان کے چشمے کا نمبر بڑھ جاتا ہے اور اسے بھینگا پن بھی ہوسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لینس لگاتے وقت بہت زیادہ احتیاط کرنے چاہیے ہاتھ دھوئے بغیر آنکھوں کو بالکل بھی نہ چھوئیں، اس کے علاوہ آنکھوں کو رگڑنا بھی مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔ اگر آپ اپنی آنکھوں کو کثرت سے رگڑتے ہیں تو آپ اپنی آنکھوں کے مایوپیا اور گلوکوما کو خراب کرسکتے ہیں دونوں براہ راست آپ کی بینائی کو متاثر کرتے ہیں۔