لاہور : وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار اور صوبائی ہاشم جواں بخت کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا، دو رکنی بنچ کل درخواستوں پر سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار اور صوبائی ہاشم جواں بخت کی نااہلی کیلئےسپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی، احسن عابد نے مخدوم برادران کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ خسرو بختیار نے این اے 177 اور ہاشم جواں بخت نے پی پی 259 سے انتخاب میں کامیابی حاصل کی ، دونوں بھائیوں نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے اور انہیں ظاہر نہیں کیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ خسرو بختیار وفاقی وزیر اور ان کے بھائی ہاشم جواں بخت صوبائی وزیر ہیں۔ نیب ملتان کو ان کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست دی، کارروائی نہ کرنے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے نیب کو قانون کے مطابق زیرالتواء درخواست کا تین ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔ انکوائری کی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ نہیں کیا جا رہا۔ دونوں بھائیوں کے اثاثے ایک سو ارب سے زائد ہیں۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کو آرٹیکل 63 کے تحت نااہل قرار دینے کا حکم دیا جائے۔