گجرات : مردہ لڑکی کو قبر سے نکال کر برہنہ حالت میں پھینک دیا گیا، وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں شرمناک واقعہ پیش آیا ، جہاں گجرات کے ایک گاؤں میں مردہ لڑکی کو قبر سے نکال کر برہنہ حالت میں پھینک دیا گیا تاہم پولیس اب تک کسی کو گرفتار نہ کرسکی۔
گزشتہ روز گاؤں چک کمالہ کا رہائشی محمد نذیر اپنی اٹھارہ برس کی ذہنی معذور بیٹی کی قبر پر فاتحہ خوانی کیلئے پہنچا تو قبر کھلی ہوئی اور میت غائب تھی۔
محمد نذیر نے گاؤں والوں کو بلاکر بیٹی کی تلاش شروع کی تو تھوڑی دور جھاڑیوں میں وہ برہنہ حالت میں ملی، اطلاع ملتے ہی پولیس پہنچ گئی، مگر ابتدائی تفتیش کے مطابق چوبیس گھنٹے بعد بھی پولیس اب تک ملزم کوگرفتارنہیں کرسکی ہے۔
پولیس نے مرحومہ کا میڈیکل کرواکر رپورٹ پنجاب فرانزک لیب بھجوادی ہے، پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہےلیکن ابھی تک مرحومہ سے زیادتی کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
وزیر اعلی ٰپنجاب حمزہ شہباز نے گجرات میں لڑکی کی لاش کی بے حرمتی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی۔
حمزہ شہباز نے واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے، لاش کی بے حرمتی کا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔