اسلام آباد : تحریکِ انصاف کے ناراض رکن احمد حسین دیہڑ کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ ہوں ، میرے کچھ مسائل ہیں جو وزیراعظم حل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق تحریکِ انصاف کے ناراض رکن احمد حسین دیہڑ تین ماہ بعد قومی اسمبلی پہنچ گئے، اس موقع پر احمد حسین دیہڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت کے ساتھ ہوں، جلد ہی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کروں گا۔
ناراض رکن کا کہنا تھا کہ میرے کچھ مسائل ہیں جو حکومت حل کر رہی ہے۔
دوسری جانب ناراض پی ٹی آئی رکن احمد حسین دیہڑا نے ویڈیو بیان میں کہا کہ آج پی ٹی آئی رکن کی حیثیت سےقومی اسمبلی گیا، میرےپانچ مطالبات ہیں ، عمران خان سےاپیل ہے ان پر عملدرآمد کرائیں۔
احمد حسین کا کہنا تھا کہ پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں ، عدم اعتماد پر ووٹنگ تک کا وقت دیتا ہوں، مطالبات پورے ہونے پرہی وزیراعظم سےملاقات کروں گا۔
انھوں نے مزید کہا پیسے لینے کے الزام پر ہتک عزت کے دعوے کا سوچ رہا ہوں، غریب کے سکھ کے مطالبات پورے کریں، اگرمطالبات پورے نہیں ہوئے تو آخری وقت پر اپنا فیصلہ کروں گا۔
یاد رہے اس سے قبل تحریک انصاف کے ناراض ایم این اے احمد حسین دیہڑ نے عدم اعتماد کی ووٹنگ والےدن اسمبلی نہ جانے کا اعلان کیا تھا۔
تحریک انصاف کے ناراض ایم این اے احمد حسین نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے اپوزیشن سےملاقات کی نہ ہی سندھ ہاؤس گیا، اپوزیشن جانتی ہے میں وقت پر حکومت کے ساتھ کھڑا ہوتا ہوں، میں دغا کرنیوالا نہیں تھا اورنہ ہی اب کروں گا۔
احمد حسین کا کہنا تھا کہ پارٹی کےساتھ کھڑا ہوں اورکسی اور کےساتھ جانےکا اعلان نہیں کیا، مطالبات پورے نہ ہوئےتو سیاست چھوڑ کر گھر بیٹھ جاؤں گا۔