بھارتی کرکٹر یزویندرا چاہل کی سابق اہلیہ دھناشری ورما کے خاندان نے بیٹی کے شوہر سے طلاق کے بعد 60 کروڑ مانگنے کی خبروں کی تردید کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دھناشری ورما کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ علیحدگی کا طلاق کے بعد ملنے والی رقم کے حوالے سے 60 کروڑ روپے مانگنے کا الزام بے بنیاد ہے۔
28 سالہ دھناشری کے خاندان نے وائرل ہونے والے اس دعوے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ اس طرح کی بے بنیاد خبریں نہ پھیلائیں۔
اہلخانہ نے کہا کہ دھناشری ورما نے یزویندرا چاہل سے کبھی بھی علیحدگی کے بعد گزر بسر کے لیے کسی قسم کے خرچ کے لیے رقم نہیں مانگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ بات کہ اس قسم کی غیر مصدقہ بات کو بنا تصدیق کے شائع کیا جارہا ہے، دونوں فریقوں کو معاملے میں گھسیٹا جائے اور ساتھ ہی ان کے خاندانوں کو غیر ضروری افواہوں کا نشانہ بنایا جائے۔
واضح رہے کہ دھناشری ورما اور 35 سالہ یزویندرا چاہل کی 2020 میں شادی ہوئی تھی اور جمعرات 20 فروری 2025 کو دونوں کی ممبئی کی عدالت میں طلاق ہوگئی۔