ممبئی: اداکارہ و فلم پروڈیوسر دیویا کھوسلہ نے نامور فلم اسٹار عالیہ بھٹ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر باکس آفس نمبروں میں ہیر پھیر کا سنگین الزام عائد کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دیویا کھوسلہ نے اپنی فلم ’ساوی‘ اور عالیہ بھٹ کی ’جگرا‘ کے اسکرپٹ میں مماثلت بالی وڈ اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر دیویا کھوسلہ نے ایک سینما گھر کے اندر کی تصویر شیئر کی جو خالی ہے۔ انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ ’جگرا‘ دیکھنے کیلیے سٹی مال پی وی آر گئی تھی لیکن تھیٹر بالکل خالی تھا جبکہ دیگر سینما گھر بھی خالی ہو رہے ہیں۔
انہوں نے طنز کیا کہ عالیہ بھٹ میں سچ میں بہت جگرا ہے، انہوں نے خود ہی ٹکٹ خریدے اور جعلی اعداد و شمار کا اعلان کیا، لیکن حیران ہے کہ بکاؤ میڈیا اس پر خاموش ہے۔
دیویا کھوسلہ کی انسٹاگرام پوسٹ کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے جس پر لوگ اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔
دراصل فلم ’ساوی‘ اور ’جگرا‘ کا اسکرپٹ حیران کُن طور پر ایک دوسرے مماثلت رکھتا ہے۔ دونوں فلموں کی کہانی جیل توڑ کر فرار ہونے اور ایک گھریلو خاتون کے گرد گھومتی ہیں جو اپنے شوہر کو انگلینڈ کی ایک ہائی سکیورٹی والی جیل سے آزاد کروانے کیلیے جیل توڑنے کا منصوبہ بناتی ہیں۔
’جگرا‘ کی کہانی عالیہ بھٹ کے کردار کے گرد گھومتی ہے جو اپنے بھائی (ویدانگ) کو جیل فرار کرواتی ہے۔
اسکرپٹ میں مماثلت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دیویا کھوسلہ نے پہلے کہا تھا کہ ہر فلم کی اپنی کہانی ہوتی ہے اور وہ شکر گزار ہیں کہ انہوں نے سب سے پہلے اس کہانی کو تلاش کیا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ مجھ سے بھی یہی سوال کیا جا رہا ہے دونوں فلموں کی کہانیاں ایک جیسی ہیں، لیکن مداحوں کی محبت کی بدولت ’ساوی‘ نے تھیئٹرز اور او ٹی ٹی پر بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
دیویا کھوسلہ کا مزید کہنا تھا کہ میں تمام محبتوں کی شکر گزار ہوں، ہماری فلم جیل بریک پر مبنی ہے کہ کس طرح ایک سادہ گھریلو خاتون اپنے شوہر کو جیل سے باہر نکالنے کیلیے جدوجہد کرتی ہیں۔