مشہور زمانہ بھارتی ویب سیریز ’مرزا پور‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اسٹار دیویندو شرما المعروف ’منا بھیا‘ نے فلمی کردار سے متعلق اپنی خواہش کا اظہار کر دیا۔
انڈین میڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں دیویندو شرما نے بتایا کہ وہ مستقبل میں ہارر فلم میں ویمپائر کا کردار نبھانے کے خواہش مند ہیں کیونکہ وہ اب تک اسکرین پر اس طرح کے رول میں نظر نہیں آئے۔
معاون کرداروں کے بعد دیویندو شرما کو ویب سیریز ’مرزا پور‘ میں اداکاری کا موقع ملا اور یہی کرائم ڈرامہ ان کی وجہ شہرت بن گیا۔ اس کے بعد وہ ’دی ریلوے مین‘ اور ’مڈگاؤں ایکسپریس‘ میں نظر آئے۔
دیویندو شرما کہتے ہیں کہ کامیابی ایک بوجھ کی طرح ہیں لیکن وہ اسے مثبت انداز میں اٹھانا چاہتے ہیں۔ ’کامیابی کے لمحے سے لطف اندوز ہونا ضروری ہے لیکن اسے چھوڑ کر آگے بڑھیں ورنہ ایک فنکار کے طور پر یہ آپ پر بوجھ بنے گی۔‘
نامور اداکار نے کہا کہ میں اپنے مداحوں کا شکر گزار ہوں جو میرے کام کو سراہتے ہیں لیکن پھر بھی اس دباؤ کی وجہ سے میں بار بار وہی کردار ادا نہیں کرنا چاہتا۔
وہ کہتے ہیں کہ میں خوف میں ڈوبنا پسند کروں گا، میرا زندگی بھر کا خواب ہے کہ میں ایک ہارر فلم کروں اور ویمپائر کا کردار ادا کروں، مختلف کردار نبھانے میں ہی لطف آتا ہے پھر چاہے وہ کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں۔
دیویندو شرما نے اپنی آنے والی فلم ’اگنی‘ میں پولیس اہلکار کا کردار ادا کیا ہے۔ اس ایکشن تھرلر کو راہول ڈھولکیا نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
اس بارے میں ادکار کہتے ہیں کہ کسی فلم میں پولیس اہلکار یا انسپکٹر کا کردار ادا کرنا ہم نے دیکھا ہے اور یہ ایک اہم اور دلکش کردار ہوتا ہے، لیکن راہول ڈھولکیا نے اس میں جو دنیا تخلیق کرنے کی کوشش کی ہے وہ دلکش ہے اور کسی دوسرے سیارے پر جانے جیسا ہے۔