سعودی وزارت حج وعمرہ نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج کے قیمتی لمحات کو فوٹو گرافی میں ضائع نہ کریں۔
حج 2024 کے لیے مناسک حج کا آج سے آغاز ہوگیا ہے جب کہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفات کل (ہفتہ) کو ادا کیا جائے گا۔
حج کے آغاز کے موقع پر سعودی وزارت حج وعمرہ نے عازمین حج سے کہا ہے کہ وہ حج کے قیمتی لمحات کو تصاویر، ویڈیوز بنانے اور فضول باتوں میں ضائع نہ کریں اور ان نادر لمحات میں اللہ کی رضا کے حصول کے لیے کوشاں رہیں اور دعاؤں کا خصوصی اہتمام کریں۔
وزارت حج و عمرہ نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ مسجد الحرام میں زیادہ وقت عبادت میں گزاریں۔ اللہ سے رحم و کرم کی دعائیں نیز نماز و تسبیح کا اہتمام کریں کیونکہ یہ وقت سب سے اہم ہے۔
وزارت نے عازمین حج سے کہا کہ ان لمحات کی قدر کریں خانہ کعبہ میں اپنا قیمتی وقت دعائیں کرنے میں گزاریں۔ فوٹو اور ویڈیو گرافی میں مصروف ہوکر ان لمحات کو ضائع نہ کریں۔
واضح رہے کہ جب سے اسمارٹ فون انسانی زندگی میں وارد ہوا ہے۔ ہماری تمام مصروفیات حتیٰ کہ عبادات کے لمحات بھی سوشل میڈیا اور سیلفی ویڈیو کی نظر ہونے لگے ہیں۔
گزشتہ چند سالوں سے یہ رجحان خاصا بڑھا ہے کہ لوگ حج وعمرہ کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس جاتے ہیں اور وہاں سے پل پل کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے ہیں جس کو مذہبی طبقے کے علاوہ سنجیدہ حلقوں میں بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔