موٹاپا جسم میں چربی کے زیادہ ہو جانے سے جنم لینے والی ایک پیچیدہ بیماری ہے، موٹاپا محض جسمانی خوبصورتی کا مسئلہ ہی نہیں بلکہ ایک ایسا طبّی طور پر توجہ طلب مسئلہ ہے جو نظر انداز کئے جانے کی وجہ سے کئی اور جسمانی تکالیف اور بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی کمپنی ایلی للی کی تیار کردہ دوا زیپ باؤنڈ کو امریکا میں استعمال کی منظوری مل چکی ہے، ایف ڈی اے نے اس کے استعمال کی منظوری دے دی ہے، اس دوا کو وہ لوگ استعمال کر سکتے ہیں جو ہائی بلڈ پریشر یا کولیسٹرول اور ٹائپ 2 ذیابیطس کا شکار ہیں تاکہ جسمانی وزن کو کم کیا جا سکے۔
اس دوا کی 2 بڑے کلینیکل ٹرائلز کے بعد منظوری دی گئی تھی، ان آزمائشوں کے دوران رضاکاروں کو 72 ہفتوں تک دوائی استعمال کرائی گئی۔ ان تمام زیادہ وزن والے افراد کو ہائی بلڈ پریشر، ہائی کولیسٹرول کی بیماری بھی تھی۔ ان افراد کو روزانہ 500 کیلوریز استعمال کرنے کا کہا گیا تھا۔
ٹرائل سے نتیجہ اخذ کیا گیا کہ اس دوا کے استعمال سے جسمانی وزن میں 18 سے 25 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
ایک انجیکشن کے طور پر دی جانے والی یہ دوا ہارمونز کے افعال کو بدل دیتی ہے جو میٹابولزم اور بھوک کو کنٹرول کرتے ہیں، اس طرح یہ دوا خون میں شکر کی سطح کو بہتر بناتی ہے۔
واضح رہے کہ اس دوا کے استعمال سے کچھ مضر اثرات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے، جیسے کہ ہاضمے کے مسائل اور بالوں کا جھڑنا شامل ہے۔