لاہور: پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں ایک ڈاکٹر کو اغوا کر لیا گیا ہے، جس پر پولیس نے اغوا کو ریڈ لائن قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں تھانہ ڈیفنس سی کی حدود سے نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایک ڈاکٹر کو اغوا کر لیا ہے، جس پر لاہور پولیس سخت ایکشن لیا ہے۔
پولیس نے ڈاکٹر کے اغوا کا مقدمہ درج کر لیا، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے پولیس ٹیم کو مغوی کی جلد بازیابی کی ہدایت کی اور متاثرہ خاندان سے بھی ملاقات میں جلد بحفاظت بازیابی کی یقین دہانی کرائی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ اغوا کی واردات پولیس کی ریڈ لائن ہے، ملزمان کو پکڑ کر رہیں گے۔
گھمنڈ پور میں بھتہ خور ڈاکوؤں کی کارروائی، شہری نے 15 پر اطلاع دے دی
ادھر بہاولنگر کے علاقے گھمنڈ پور کی حدود میں 15 پر ڈکیتی کی اطلاع پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں سے بھتہ طلب کرنے والا ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو فرار ہو گئے، جن کی تلاش جاری ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت مظہر عرف مظہری کے نام سے ہوئی ہے، جو 43 سنگین مقدمات میں ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ، بہاولنگر پولیس کو مطلوب تھا۔